پنجاب پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے علاج کیلئے پرعزم
05-08-2026
(لاہور نیوز) تھیلیسیمیا سے آگاہی کا عالمی دن کے موقع پر پنجاب پولیس نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ پولیس ملازمین کے بچوں کی معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے اور نگہداشت کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، متاثرہ بچوں کو خون کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کیلئے لاہور سمیت صوبے بھر میں بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کئے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب کے مطابق “ہمارے پھول” پراجیکٹ کے تحت تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو طبی اخراجات کیلئے ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے، اس وقت صوبہ بھر میں پولیس ملازمین کے رجسٹرڈ 172 بچوں کو فی کس 30 ہزار روپے ماہانہ باقاعدگی سے ادا کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال اب تک تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کیلئے ایک کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد فنڈز فراہم کئے جا چکے ہیں، جبکہ مختلف ہسپتالوں اور فلاحی اداروں کے اشتراک سے علاج و معالجے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کی مدد اور فلاح کیلئے پنجاب پولیس اپنا بھرپور کردار آئندہ بھی جاری رکھے گی۔