گہری نیند کیلئے پاؤں لحاف سے باہر رکھنے چاہئیں: سائنسی تحقیق

05-08-2026

(ویب ڈیسک) نئی سائنسی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جسم کے کسی چھوٹے حصے کو ٹھنڈی ہوا کے سامنے رکھنا، خاص طور پر پاؤں، انسان کو گہری نیند کے مرحلے تک جلد پہنچنے میں مدد دیتا ہے۔

امریکی ماہرِ نفسیات نٹالی ڈاؤٹووِچ کے مطابق پاؤں جسم کے آخری حصوں میں سے ہیں اور ان میں مخصوص شریان-ورید کے رابطے ہوتے ہیں ،جو خون کے بہاؤ کو منظم کرتے ہیں۔ جب موسم گرم ہو تو یہ رابطے پھیل جاتے ہیں، جس سے جلد تک زیادہ خون پہنچتا ہے اور جسم ٹھنڈا ہوتا ہے، نیند اور جسم کے درجہ حرارت کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور سونے سے پہلے جسم کا درجہ حرارت قدرتی طور پر کم ہو جاتا ہے، جو گہری نیند کے دوران اپنی کم ترین سطح پر ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے ماہرینِ نیند مشورہ دیتے ہیں کہ سونے سے پہلے نیم گرم غسل لیا جائے، کیونکہ غسل کے بعد جسم کا درجہ حرارت کم ہوتا ہے، جو نیند آنے کے قدرتی عمل کی نقل کرتا ہے۔ بعض افراد کیلئے ایک پاؤں کو کمبل سے باہر نکالنا بھی سکون اور نیند کے ماحول پر کنٹرول کا احساس دیتا ہے۔ پسینے کی کمی یا اسے کم کرنے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جو افراد رات کے وقت زیادہ پسینہ آنے کا شکار ہوتے ہیں، ان کیلئے ایک پاؤں کو کمبل سے باہر رکھنا جسم کے درجہ حرارت کو بڑھنے سے روکنے اور نمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی بے چینی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے چونکہ پاؤں میں جلد کی سطح کے قریب بہت سی خون کی نالیاں موجود ہوتی ہیں، اس لئے یہ جسم کی اضافی گرمی کو خارج کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ افراد کو  ریسٹ لیس لیگ سنڈروم یعنی ٹانگوں میں بے چینی کی شکایت ہوتی ہے، خاص طور پر رات کے وقت، ایسے لوگوں میں ایک پاؤں کو کھلا رکھنے سے ٹانگوں کے درد اور بے چینی میں کمی آ سکتی ہے۔ کچھ افراد سوتے وقت کپڑے، وزن یا درجہ حرارت کے معاملے میں زیادہ حساس ہوتے ہیں، ان کیلئے جلد پر ہوا کا ہلکا سا احساس ایک متوازن اور سکون بخش کیفیت پیدا کرتا ہے اور ایک پاؤں کھلا رکھنے سے یہ حسی دباؤ کم ہو جاتا ہے، جس سے ذہنی سکون بڑھتا ہے۔ ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ نسبتاً کم درجہ حرارت جسم کو گہری اور بہتر نیند حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے۔