فوڈ اتھارٹی کی سبزی منڈی روہی نالہ کے قریب کارروائی، چربی سے تیار آئل تلف
05-08-2026
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبائی دارالحکومت کے علاقے سبزی منڈی روہی نالہ کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے 33 ہزار 30 کلو چربی اور آلائشیں جبکہ 5 ہزار لٹر تیار شدہ آئل تلف کر دیا۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں چربی اور جانوروں کی آلائشوں سے غیر معیاری آئل تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا گیا، کارروائی کے دوران دو ملزمان کو موقع سے گرفتار بھی کر لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی موسیٰ رضا نے بتایا کہ یونٹ بغیر لائسنس اور ضروری ریکارڈ کے کام کر رہا تھا، کھلے اور غیر حفظانِ صحت ماحول میں چربی اور آلائشوں سے آئل نکالا جا رہا تھا، جو انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔ فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ مضر صحت اشیاء کی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔