یقین ہے امریکا ایران جنگ بندی مستقل ہوگی اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو گا: وزیر اعظم
05-07-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک ایران جنگ بندی رکوانے میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے کردار ادا کررہا ہے، یقین ہے امریکا ایران جنگ بندی دیر پا ہوگی اور انشااللہ خطے میں پائیدار امن ہوگا، قیام امن کیلئے فیلڈ مارشل کی کاوشیں تاریخ یاد رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی اور سنگ بنیاد تقریبات سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے خوبصورت ترین علاقے کا دورہ کرکے خوشی محسوس ہو رہی ہے اور وہ ہونہار، قابل اور محنتی بچوں سے ملاقات کے لیے آئے ہیں۔ وزیراعظم نے گلگت اور سکردو میں سیف سٹی منصوبوں کا افتتاح کیا جبکہ خطے میں مفت سولر پینلز کی تقسیم کے توسیعی منصوبے کا بھی آغاز کیا، اس کے علاوہ گلگت میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یہ منصوبہ آئندہ سال کے وسط تک مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہونہار بچے پاکستان کا فخر ہیں اور انہوں نے شبانہ روز محنت کرکے لیپ ٹاپ حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کو لیپ ٹاپ کسی احسان کے طور پر نہیں بلکہ ان کی تعلیمی قابلیت کے اعتراف میں دیے گئے ہیں، اور یہ تمام تقسیم میرٹ کی بنیاد پر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مالی طور پر کمزور لیکن باصلاحیت طلبا کو بھی میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے سیاسی سفر میں کبھی میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا اور وہ محنتی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے یہاں آئے ہیں۔ دانش سکول کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پنجاب میں بطور وزیراعلیٰ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے دانش اسکولوں کی بنیاد رکھی تھی، جہاں کمزور اور متوسط طبقے کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم دی جا رہی ہے۔ شبہباز شریف نے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان میں گلگت، غانچے، استور اور اسکردو میں4 دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں طلبا اور طالبات کے لیے علیحدہ کیمپس ہوں گے اور تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ ملک میں یکساں ترقی پر یقین رکھتے ہیں اور تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور ثالثی کے عمل میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے بھرپور کردار ادا کیا، وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی مستقل ہوگی اور خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح قیام پاکستان کے وقت پوری قوم متحد تھی، آج بھی قوم یکجان اور متحد ہے، وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا جبکہ محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔