ہیپاٹائٹس سی کے خاتمےکا پروگرام: وزارت صحت اور نادرا کے درمیان ایم او یو پر دستخط
05-07-2026
(لاہورنیوز) وزارتِ صحت اور نادرا کے درمیان وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام کے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے کیلئے ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔
ایم او یو پر دستخط کی تقریب نادرا ہیڈکوارٹرز میں ہوئی، تقریب میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور نادرا کے چیئرمین لیفیننٹ جنرل محمد منیر افسر بھی شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ معاہدے کے تحت نادرا، وزارتِ صحت کے ساتھ مل کر پروگرام کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم کر رہا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مریضوں کی رجسٹریشن تصدیق، ٹریکنگ، ریئل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ کو یقینی بنایا جائے گا، وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا پروگرام ایک قومی فلیگ شپ اقدام ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد تقریبا ایک کروڑ ہے، پاکستان اس وقت دنیا میں ہیپاٹائٹس سی کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پختہ عہد کر رکھا ہے، ہیپاٹائٹس سی کی بروقت تشخیص ناگزیر ہے، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے عملی اور موثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی پروگرام تحت بروقت سکریننگ تشخیص اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں، ہیپاٹائٹس سی پروگرام کا ابتدائی آغاز آئندہ ہفتے اسلام آباد میں کیا جائے گا۔