تھیلیسیمیا کا عالمی دن: فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار کا انعقاد
05-07-2026
(لاہور نیوز) تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی سیمینار کا انعقادکیا گیا۔
پنجاب تھیلیسیمیا و دیگر جینیاتی بیماریوں کی تشخیص، روک تھام اور ریسرچ انسٹیٹیوٹ (PTGD)کے تعاون سے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی سیمینار منعقد کیا گیام سیمینار کا بنیادی مقصد تھیلیسیمیا سمیت دیگر جینیاتی بیماریوں کی بروقت تشخیص، بچاؤ اور مؤثر روک تھام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کی جبکہ سابق وائس چانسلر پروفیسر شمسہ ہمایوں بطور چیف گیسٹ شریک ہوئیں، سیمینار کا موضوع "اب مزید پوشیدہ نہیں، اُن افراد کو سامنے لانا جن کی تشخیص ابھی تک نہیں ہو سکی اور اُن لوگوں کا سہارا بننا جو اب تک نظر انداز رہے ہیں۔" پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے تھیلیسیمیا منصوبے کی کامیابی میں مؤثر کردار ادا کرنے پر حکومتِ پنجاب کو خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ’’بہترین انسان وہ ہے جو انسانیت کے لیے فائدہ مند ہو‘‘، اور یہی جذبہ تھیلیسیمیا سے بچاؤ کی اس جدوجہد کی اصل روح ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پروفیسر معصومہ غضنفر نے پنجاب تھیلیسیمیا پریوینشن پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومتِ پنجاب نے 2009-2010 میں پنجاب تھیلیسیمیا و دیگر جینیاتی بیماریوں کی تشخیص، روک تھام اور تحقیقاتی ادارہ قائم کیا۔ یہ ادارہ پنجاب کے 36 اضلاع میں تھیلیسیمیا اور دیگر جینیاتی بیماریوں سے بچاؤ اور ان کے خاتمے کے لیے مفت سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ بھر میں قائم 9 ریجنل لیبارٹریز،تھیلیسیمیا خون ٹیسٹ، جینیاتی مشاورت، قبل از پیدائش تشخیص، شادی سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ، ڈی این اے جانچ اور کوریونک ویلس سیمپلنگ جیسی جدید سہولیات مہیا کر رہی ہیں۔ تقریب کے دوران تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں نے خصوصی ٹیبلو پیش کیا جسے شرکاء نے بے حد سراہا، آخر میں پروفیسر بلقیس شبیر نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا، سیمینار کے اختتام پر معزز مہمانوں میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔