بھارت کا دہشت گردی ڈرامہ ہمیشہ کیلئے دفن، دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی: پاک فوج

05-07-2026

(لاہور نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عوام کو معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی، بھارت ایک سال بعد بھی پہلگام کے حوالے سے ثبوت سامنے نہیں لا سکا، بھارت کا دہشت گردی ڈرامہ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا۔

پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ عسکری قیادت کے وژن کے مطابق اپنے سے بڑے دشمن کو شکست دی، افواج پاکستان قوم کی توقعات پر ہمیشہ پوری اتری ہیں، پاکستان کی قیادت، فوج اور عوام متحد ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر  نے کہا کہ معرکہ حق میں جو کچھ ہوا پاکستان ہی نہیں ہندوستان کا بھی بچہ بچہ جانتا ہے، اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو ملٹی ڈومین وار میں شکست دی، ہم  نے ایک سال پہلے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، پہلگام واقعہ پر بغیر تحقیقات لمحوں میں پاکستان پر الزام لگا دیا گیا، بھارت کئی دہائیوں سے یہ جھوٹا بیانیہ بنا رہا تھا کہ پاکستان دہشت گردی میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پہلگام کے حوالے سے آج تک ثبوت سامنے نہیں لا سکا، پاکستان پر الزامات لگانے والے خود سب سے بڑے دہشتگرد ہیں، بھارت کا پاکستان مخالف دہشت گردی بیانیہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو گیا، بھارت مکاری سے بیانیہ بنا کر پاکستان میں دہشت گردی کرتا ہے، افواجِ پاکستان ہر محاذ پر تیار ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت نے بیانیے کیلئے فالز فلیگ آپریشن کئے، خطے میں امن کیلئے سب سے زیادہ کوششیں پاکستان کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل کم کرنے کے بجائے بڑھا رہا ہے، کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ حل طلب معاملہ ہے، کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، بھارت جھوٹ بولنے سے باز آئے اور سچی بات بتائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعہ کو ایک سال گزر گیا ہے ثبوت کہاں ہیں؟ ہم سال پہلے بھی تیار تھے ہم آج بھی تیار ہیں، یہ جنگ فضا، زمین ، سمندر، سائبر میں بھی تھی، ہم  نے ہر محاذ پر دشمن کو شکست دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلگام واقعہ کو ایک سال مکمل ہو گیا لیکن پاکستان  نے جو سوالات اٹھائے تھے وہ اب بھی جوں کے توں موجود ہیں، جواب دیں کون لوگ تھے جنہوں  نے یہ کروایا، بھارت بتائے کس دہشت گرد کیمپ کو نشانہ بنایا۔