حج پروازوں کا سلسلہ جاری، ہزاروں عازمین حرمین شریفین پہنچ گئے

05-07-2026

(لاہور نیوز) حج 2026 کیلئے 176 پروازوں کے ذریعے 44 ہزار 908 عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے۔

وزارتِ مذہبی امور پاکستان کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 176 حج پروازوں کے ذریعے 44 ہزار 908 عازمین حجازمقدس پہنچ چکے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق 33 ہزار 20 عازمین اس وقت مکہ مکرمہ جبکہ 11 ہزار 888 عازمین مدینہ منورہ میں موجود ہیں، آج مزید 14 پروازوں کے ذریعے تقریباً 2,850 عازمین کی آمد متوقع ہے۔ترجمان وزارت مذہبی امورکے مطابق حج فلائٹ آپریشن 21 مئی تک بلاتعطل جاری رہے گا، عازمین حج کو رہائش، خوراک، سفری اور طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے،حج پیکیج میں شامل موبائل سم کے ذریعے عازمین حج اپنے پیاروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ عازمین حج مکہ مکرمہ میں نوافل اور عمرےکی ادائیگی کے ساتھ ساتھ طواف اور زیارتوں میں مصروف ہیں۔