ایس ای سی پی کا ایک ماہ میں سب سے زیادہ کمپنی رجسٹریشن کا ریکارڈ قائم
05-07-2026
(لاہور نیوز) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایک ماہ میں سب سے زیادہ کمپنیاں رجسٹریشنز کا ریکارڈ قائم کردیا۔
ایس ای سی پی کے مطابق اپریل میں 4,082 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 294,101 ہوگئی ہے۔ ادارے کے مطابق یومیہ کمپنی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، جہاں 30 اپریل کو ایک ہی دن میں 340 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ دنیا کے 22 ممالک سے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کمپنیاں رجسٹرڈ کروائیں، جن میں صرف چین سے 95 شیئر ہولڈرز نے کمپنیاں رجسٹرڈ کیں، چین کے سرمایہ کاروں کی رجسٹرڈ کمپنیوں کو مجموعی ادا شدہ سرمایہ 193 ملین روپے ہے۔ ادارے کے مطابق پنجاب 2,093 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا ، تاہم اسلام آباد میں 719 ،سندھ سے 600 ، کے پی کے سے 325 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئِیں، جبکہ گلگت بلتستان سے 276، بلوچستان سے 69 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ ایس ای سی پی کے مطابق آئی ٹی اور ای کامرس کا شعبہ سب سے آگے رہا، جہاں آئی ٹی میں 832 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کی گئیں، اسی طرح ٹریڈنگ میں 757، سروسز میں 490، رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن میں 358 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ سیاحت میں 242، فوڈ اینڈ بیورجز 158،ایجوکیشن 127 کمپنیاں اور ٹیکسٹائل میں 105 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ چیئرمین ایس ای سی پی کمپنی ڈاکٹر کبیر سدھو کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن میں اضافہ دستاویزی معیشت کی جانب مثبت پیش رفت ہے۔