شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے لال پیاز مفید قرار
05-07-2026
(ویب ڈیسک) غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمِ گرما میں سفید یا گلابی پیاز کے مقابلے میں لال پیاز کا استعمال جسم کو لو لگنے اور شدید گرمی کے اثرات سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق لال پیاز میں اینٹی آکسیڈنٹس، فلیونوئیڈز، معدنیات اور پانی کی مناسب مقدار موجود ہوتی ہے جو جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی پوری کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں جسم کو پسینہ، چکر، سر درد، متلی اور کمزوری جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ لال پیاز ان اثرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ غذائی ماہرین کے مطابق لال پیاز ہاضمہ بہتر بنانے، جسم میں پانی کا توازن برقرار رکھنے اور آنتوں کی صحت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ غذائی ماہرین کے مطابق کچی لال پیاز کو کھانوں کے ساتھ بطور سلاد استعمال کرنے سے پیٹ پھولنے کی شکایت کم ہوتی ہے اور معدے کے مفید جراثیم میں اضافہ ہوتا ہے۔ ایک تحقیق کے نتائج میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لال پیاز میں موجود قدرتی اجزا جسم میں دورانِ خون بہتر بنانے اور گرمی سے پیدا ہونے والے دباؤ کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ لال پیاز صرف معاون غذا ہے، ہیٹ سٹروک کا مکمل علاج نہیں۔ غذائی ماہرین کا مشورہ ہے کہ لال پیاز کو سلاد، دہی کے ساتھ یا رائتے میں ڈال کر یا چٹنی بنا کر استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم تیزابیت، معدے کی حساسیت یا آنتوں کے مرض میں مبتلا افراد کو اس کے متوازن استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے۔ نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔