راوی شہر میں نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن، غیرقانونی تعمیرات مسمار
05-06-2026
(لاہور نیوز) راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نادہندگان اور غیرقانونی تعمیرات کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں تیز کر دیں
شعبہ ڈویلپمنٹ اینڈ بلڈنگ کنٹرول کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹرز نے سگیاں روڈ پر آپریشن کرتے ہوئے نادہندہ الخیر ریسٹورنٹ کو بند کر دیا جبکہ کمرشل واجبات کی عدم ادائیگی پر عمر اشرف گودام، اکبر بلڈنگ سٹور اور میاں سٹیٹ کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔ دوسری جانب ٹاؤن پلاننگ ونگ نے بغیر نقشہ اور خلاف ضابطہ تعمیرات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سمن آباد زون کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔ ایم او پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز کی نگرانی میں نوناریاں، اچھرہ، پکی ٹھٹی، شاہ دین سکیم، رستم پارک اور پتھر مارکیٹ میں کارروائیاں کی گئیں، جہاں 7 غیرقانونی عمارتیں مسمار جبکہ 7 کو سیل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق منظور شدہ نقشوں کے خلاف تعمیرات کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔