ڈی سی لاہور نے ہڈیارہ ڈرین کے کنارے شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا

05-06-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل نشتر کا دورہ کرتے ہوئے ہڈیارہ ڈرین کے اطراف جاری ترقیاتی اور صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے شجرکاری مہم کے تحت ڈرین کے کنارے پودا بھی لگایا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہڈیارہ ڈرین کی ڈی سلٹنگ اور کرب اسٹون پینٹ کے عمل کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ صفائی کا کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے، انہوں نے زور دیا کہ ڈرین کے اطراف باقاعدہ شجرکاری مہم چلائی جائے تاکہ ماحولیاتی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر  نے چلڈرن ہسپتال لاہور کا بھی دورہ کیا، جہاں طبی سہولیات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات کی سو فیصد اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ وارڈز میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔ محمد علی اعجاز نے میونسپل کاموں میں تاخیر پر زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایات جاری کیں، انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سے قبل نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔