فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں "معرکۂ حق" کی پُروقار تقریب کا انعقاد

05-06-2026

(لاہور نیوز) فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں "معرکۂ حق" کی پُروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔

حکومتِ پاکستان اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات پر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں "معرکۂ حق" کو ایک سال مکمل ہونے پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں حکومتِ پاکستان، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور سپہ سالار فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کو "آپریشن بنیان المرصوص" میں شاندار کامیابی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کی جبکہ ریجنل ڈائریکٹر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) برمنگھم, انگلینڈ ڈاکٹر اسد رحیم نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر  نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ "معرکۂ حق" اور "آپریشن بنیان المرصوص" کی کامیابیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے قلیل وقت میں دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم باوقار اور جذبۂ ایمانی سے سرشار ہے۔ انہوں نے ملکی ترقی، افواج کی کامیابی اور پاکستان کے ایک مضبوط عالمی طاقت بننے کے لیے دعا بھی کی، اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے نہ صرف جغرافیائی بلکہ تعلیمی میدان میں بھی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ چیف گیسٹ ڈاکٹر اسد رحیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ "میرا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے"۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے "معرکۂ حق" کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی پہچان مضبوط بنائی ہے جبکہ قوم اور سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ اتحاد، نظم و ضبط اور حب الوطنی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ تقریب کے دوران "معرکۂ حق" کے حوالے سے ایک دستاویزی ویڈیو بھی پیش کی گئی، جس میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔ طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی۔