چینی کی ریکارڈ پیداوار، برآمد کی اجازت کا مطالبہ بڑھنے لگا

05-06-2026

(لاہور نیوز) ملک میں چینی کی بڑھتی پیداوار کے باعث برآمد کی اجازت کیلئے مطالبات میں تیزی آ گئی۔

ذرائع ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال میں اب تک 75 لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن چینی پیدا ہو چکی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 31 فیصد زائد ہے، پچھلے سال چینی کی پیداوار 58 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیداوار میں نمایاں اضافے کے بعد شوگر ملز مالکان  نے چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ تیز کر دیا ہے، 2022 میں ملک میں ریکارڈ 79 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن چینی پیدا ہوئی تھی، جبکہ گزشتہ دہائی میں سب سے کم پیداوار 2016 میں 48 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن رہی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس وقت چینی کی قیمت تقریباً 150 روپے فی کلو ہے، جبکہ اضافی پیداوار کے باعث برآمدات کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔