انسدادِ پولیو مہم 18 مئی سے شروع، ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

05-06-2026

(لاہور نیوز) ملک بھر کے 79 مخصوص اضلاع میں 18 تا 24 مئی خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔

مہم کے دوران تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ مئی کی یہ خصوصی پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے۔ پنجاب کے 10 مخصوص اضلاع میں 61 لاکھ 90 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، سندھ کے 20 مخصوص اضلاع میں 57 لاکھ 90 ہزار بچوں کو قطرے دیئے جائیں گے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے 23 مخصوص اضلاع میں 46 لاکھ 10 ہزار بچوں جبکہ بلوچستان کے 25 مخصوص اضلاع میں 19 لاکھ 90 ہزار بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ این ای او سی کے مطابق اسلام آباد میں بھی 4 لاکھ 50 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ این ای او سی نے کہا ہے کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، والدین پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پولیو ورکرز کیلئے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔