پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ٹیکس کولیکشن بڑھانے کیلئے خصوصی سیل قائم
05-06-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ٹیکس کولیکشن بڑھانے کیلئے خصوصی سیل قائم کر دیا گیا۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا نے خصوصی سیل میں افسران تعینات کر دیئے، اس اقدام کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور محصولات میں اضافہ کرنا ہے۔ حکام کے مطابق جدید ڈیٹا اینالیٹکس کے ذریعے ٹیکس ادائیگیوں میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جائے گی، جبکہ نان فائلرز اور کم ٹیکس دینے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی سفارشات تیار ہوں گی، بڑے ٹیکس دہندگان کی مانیٹرنگ کیلئے لارج ٹیکس پیئر یونٹ پہلے ہی فعال ہے۔ مزید برآں، مختلف محکموں کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ، باقاعدہ آڈٹس اور انسپکشن کے ذریعے ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، زیر التواء ریکوری کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا، جبکہ شفافیت کیلئے ڈیجیٹل رپورٹنگ سسٹم اور عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔