مون سون کے دوران مسائل سے بچنے کیلئے مشینری فراہم کی جا رہی ہے: وزیر ہاؤسنگ پنجاب
05-06-2026
(لاہور نیوز) وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ مون سون سیزن سے قبل نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے حکومت پنجاب نے مشینری اور آلات کی فراہمی کا عمل تیز کر دیا ہے۔
بلال یاسین کے مطابق مشینری کی جلد از جلد فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں مسائل سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ 937 مختلف اقسام کی مشینری اور آلات مرحلہ وار صوبے کے 41 اضلاع میں فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان میں ڈی واٹرنگ سیٹس، سیور سکر مشینیں، جیٹنگ مشینیں اور ٹریکٹر ٹرالیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ واٹر باؤزرز، ڈمپبرز، ونچنگ مشینری، وہیل ایکسکویٹرز اور کرینز بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ حساس اور اہم علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کو 30 جون تک ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ مون سون کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔