کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ریٹائرڈ پولیس افسران کے اعزاز میں تقریب
05-06-2026
(لاہور نیوز) کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں ریٹائرڈ پولیس افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینئر پولیس افسران اور ریٹائرڈ اہلکاروں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ تھے، جنہوں نے ریٹائرڈ افسران کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اپنی مدتِ ملازمت وقار کے ساتھ مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب میں ریٹائرڈ ڈی ایس پیز محمد سرور، مرزا عظیم اللہ، محمد ظفر خورشید، عامر صادق، بلال احمد خان اور زاہد حسین سمیت دیگر افسران شریک ہوئے، جبکہ سب انسپکٹر عارف حسین اور کانسٹیبل طارق بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی عمران کشور سمیت دیگر پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن، گریجویٹی اور جی پی فنڈ سمیت تمام واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس فرض شناس اور قابل افسران کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جبکہ ریٹائرڈ افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہمیشہ پولیس فیملی کا حصہ رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس مستقبل میں بھی تجربہ کار ریٹائرڈ افسران کی پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ کرتا رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر سی سی پی او نے ریٹائرڈ افسران کو یادگاری شیلڈز اور گلدستے پیش کیے۔ ریٹائرڈ افسران نے عزت افزائی پر سی سی پی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس نے انہیں ہمیشہ عزت دی اور یہی ادارہ ان کی اصل پہچان ہے۔