ریاست مخالف پروپیگنڈا: پنجاب بھر میں این سی سی آئی اے کی کارروائیاں، 13 افراد گرفتار
05-06-2026
:ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی پنجاب نے صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا، مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب علی وسیم نے آپریشنز کی خود نگرانی کی۔ حکام کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ گوجرانوالہ سے حامد رضا، عمران اور وقار احمد کو حراست میں لیا گیا جبکہ ملتان سے ارشد عمر، جنید اور اظہر نامی افراد کو گرفتار کیا گیا۔ فیصل آباد سے اسماعیل اور صدیق جبکہ لاہور سے عثمان، قمر عباس اور طاہر مشتاق کو بھی حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف مواد شیئر کر رہے تھے۔ ملزمان کے موبائل فونز اور لیپ ٹاپس قبضے میں لے لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق پروپیگنڈا کرنے والے افراد کے پس پردہ عناصر کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سرگرمیاں کسی مخصوص ایجنڈے کے تحت کی جا رہی تھیں۔