برائلر گوشت کے نرخ بڑھ گئے، قیمت 555 روپے کلو مقرر

05-06-2026

(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام، برائلر مہنگا ہو گیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق برائلر کی فی کلو قیمت میں 15 روپے اضافہ ہوا ہے، جبکہ برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 555 روپے فی کلو برقرار ہے، اس کے برعکس، صافی گوشت شہریوں کو 650 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جو سرکاری نرخ سے کافی زیادہ ہے۔ زندہ برائلر کے نرخوں میں بھی 10 روپے فی کلو اضافہ سامنے آیا ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 355 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہول سیل سطح پر یہ 369 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، پرچون مارکیٹ میں زندہ برائلر 383 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صرف چار دنوں کے دوران برائلر کی قیمت میں مجموعی طور پر 51 روپے فی کلو تک اضافہ ہو چکا ہے، جس نے صارفین کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں استحکام برقرار ہے، فی درجن انڈوں کی قیمت 246 روپے پر قائم ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 7,260 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ برائلر کی بڑھتی قیمتوں کے باعث گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے، جبکہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے  مؤثر اقدامات کئے جائیں۔