پنجاب بھر میں مسیحی تعلیمی ادارے اقلیت کو واپس کئے جائیں، اقلیتی رکن پنجاب اسمبلی

05-05-2026

(لاہور نیوز) حکومتی رکن اسمبلی فیلبوس کرسٹوفر نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مسیحی تعلیمی ادارے اقلیت کو واپس کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیلبوس کرسٹوفر کا کہنا تھا  کہ گارڈن کالج راولپنڈی ،سینٹ فرانس کالج انار کلی، سینٹ ینتھنی گرلز ہائی سکول، گورنمنٹ رنگ محل ہائی سکول  اور دیگر اضلاع میں قائم اقلیتوں کے تعلیمی ادارے  ہمیں واپس کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دور میں ہماری داد رسی ہو سکتی ہے، کئی دہائیوں سے ہمارے مذہبی رہنما ان اداروں کی واپسی کےلیے کام کرتے رہے ہیں، یہ ادارے ہمارے چرچ کی پراپرٹی ہیں ہمیں واپس کئے جائیں ان کی واپسی سے ہم اسی طریقہ سے خدمت جاری رکھ سکیں، ہمارے ادارے تحویل میں لئے گئے تو یہ ادارے ہمارے ہی تھے جن اداروں پر کوئی مقدمہ بازی نہیں وہ بھی واپس نہیں کئے جا رہے۔ ایمانوئیل اطہر  کا کہنا تھا کہ جب سے ہمارے تعلیمی ادارے قومیائے گئے ان میں سہولیات کی شدید کمی دیکھنے میں آئی، اقلیتوں نے تعلیم و صحت کے میدان میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نوشین عدنان  نے کہا کہ محکمہ ہیومن رائٹس کی کمیٹی ایک ماہ میں اقلیتی اداروں کی واپسی کےلیے کام مکمل کرے گی، اقلیتی تعلیمی اداروں کی حوالگی کیلئے جیسے ہی کورٹس سے فیصلہ آئیں گے تو اس پر عمل درآمد کر دیں گے۔