رجب بٹ کو عدالت پیشی پر پولیس پروٹوکول دینے کیخلاف درخواست دائر
05-05-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ کو عدالت پیشی پر پولیس پروٹوکول دینے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔
عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 11 مئی تک ملتوی کر دی، درخواست میں آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی سکیورٹی اور رجب بٹ کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ رجب بٹ کے خلاف سیشن کورٹ میں خاتون سے زیادتی کے مقدمے کا ٹرائل چل رہا ہے، اس مقدمے میں وہ خود رجب بٹ کے خلاف گواہ ہے، ملزم ہونے کے باوجود رجب بٹ کو ہر پیشی پر پولیس پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ رجب بٹ نا پبلک آفس ہولڈر ہیں، نا سرکاری عہدہ ہے، زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم کو پولیس پروٹوکول دینا غیر قانونی ہے، ایک ملزم کو پروٹوکول دینا سرکاری خزانے کا ناجائز استعمال ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ رجب بٹ کو عدالت پیشی کے موقع پر دیا جانے والا پروٹوکول واپس لینے کا حکم دیا جائے۔