معرکہ حق: پاکستان کا فتح میزائل سسٹم کا تجربہ، دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم
05-05-2026
(لاہور نیوز) معرکہ حق میں پاکستان نے فتح میزائل سسٹم کا شاندار تجربہ کر کے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم کیا۔
گزشتہ سال 5 مئی 2025 کو جنگی مشق انڈس کے تحت فتح میزائل کے کامیاب تجربے نے پاکستان کی دفاعی تیاریوں کو مزید مضبوط کر دیا۔ بھارت کے دھمکی آمیز بیانات کے جواب میں پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ وہ ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فتح میزائل زمین سے زمین تک 120 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کامیاب تجربے کے دوران جدید نیوی گیشن سسٹم سمیت اہم تکنیکی پہلوؤں کی بھی توثیق کی گئی۔ اس کامیابی کے ذریعے پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا مؤثر جواب دینے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ عالمی ماہرین کے مطابق پاکستان نے پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں دشمن کے مذموم عزائم کو بروقت بھانپتے ہوئے فتح میزائل کا کامیاب تجربہ کر کے بھارت کو واضح تنبیہ کر دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سٹریٹجک اداروں اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔