سبزہ زار میں مبینہ پولیس مقابلہ، 40 مقدمات میں مطلوب ملزم زخمی حالت میں گرفتار
05-05-2026
(لاہور نیوز) سبزہ زار کے علاقے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے ایک خطرناک ملزم کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم، جس کی شناخت ارسلان کے نام سے ہوئی ہے، تقریباً 40 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کے درجنوں کیسز درج تھے اور وہ عرصہ دراز سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں ملزم کو ماسک پہن کر موٹر سائیکل لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔