موٹر سائیکل ٹرانسفر سبسڈی کا آج آخری روز ، اب تک لاکھوں بائیکرز مستفید

05-05-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں موٹر سائیکل ٹرانسفر پر دی جانے والی سبسڈی کا آج (منگل) آخری روز ہے، جس کے بعد یہ سہولت ختم ہو جائے گی۔

حکام کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے بائیکرز کے لیے پٹرول پر بھی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ ایکسائز نے اب تک 67 کروڑ روپے سے زائد کی سبسڈی جاری کر دی ہے۔ ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق 6 اپریل سے اب تک ریکارڈ 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد بائیکرز اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں، جس کے بعد موٹر سائیکل ٹرانسفر میں 225 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے روزانہ اوسطاً 3 ہزار موٹر سائیکلیں ٹرانسفر ہوتی تھیں، جو اب بڑھ کر تقریباً 8 ہزار یومیہ ہو گئی ہیں۔ سبسڈی کی تفصیلات کے مطابق ٹرانسفر فیس کی مد میں 14 کروڑ روپے،مارک فیس کی مد میں 23 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ سمارٹ کارڈ کی مد میں 30 کروڑ 38 لاکھ روپے کی سبسڈی دی گئی۔ڈی جی ایکسائز کا مزید کہنا تھا کہ مریم کو بتاؤ ایپ کے ذریعے تصدیق کے بعد بائیکرز کو 2 ہزار روپے سبسڈی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ 5 مئی تک اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جبکہ اندازہ ہے کہ مجموعی طور پر 70 کروڑ روپے سے زائد کی سبسڈی شہری حاصل کریں گے۔