شجرکاری مہم، رواں سیزن میں 1 کروڑ 50 لاکھ پودے لگانے کا ہدف

05-05-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں ماحولیاتی بہتری اور سرسبز ماحول کے فروغ کیلئے محکمہ جنگلات کی شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔

محکمہ جنگلات کے مطابق صوبے میں دو اہم منصوبے — چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان (CMPP) اور اپ سکیلنگ آف گرین پاکستان پروگرام (UGPP) — تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، ان منصوبوں کا مقصد نہ صرف درختوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا بھی ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے سائیڈ پلانٹیشن پراجیکٹ کے تحت ریلوے لائنوں کے اطراف جبکہ کنال سائیڈ پلانٹیشن پروگرام کے تحت نہروں اور سڑکوں کے کناروں پر شجرکاری کا عمل جاری ہے، جس سے شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں سبزہ بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔ اعداد و شمار  کے مطابق رواں سال شجرکاری کا مجموعی ہدف 3 کروڑ 50 لاکھ پودے مقرر کیا گیا ہے، گزشتہ مرحلے میں دسمبر تک 2 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں، جبکہ موجودہ سیزن کیلئے 1 کروڑ 50 لاکھ پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ موجودہ سیزن کا تقریباً 50 فیصد ہدف مکمل کر لیا گیا ہے اور اب تک قریباً 75 لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں، مزید 75 لاکھ پودے لگا کر سیزن کا ہدف پورا کیا جائے گا، جس کے بعد سالانہ مجموعی ہدف بھی حاصل کر لیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شجرکاری مہم کے تسلسل سے نہ صرف درجہ حرارت میں کمی اور ماحولیاتی توازن میں بہتری آئے گی بلکہ آئندہ نسلوں کیلئے ایک محفوظ اور سرسبز ماحول بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔