لاہور سمیت پنجاب بھر میں مہلک ٹریفک حادثات گزشتہ سال کی نسبت کم

05-05-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی جانب سے انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے کا مشن بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال پنجاب کے اربن ایریاز میں جان لیوا حادثات میں 22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مزید برآں صوبے کے 7 اضلاع ایسے ہیں جہاں کوئی بھی مہلک حادثہ پیش نہیں آیا، جبکہ 13 اضلاع میں مہلک حادثات کی تعداد 2 سے بھی کم رہی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی صورتحال بہتر رہی جہاں مہلک حادثات میں گزشتہ سال کی نسبت 13 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ بہترین حکمت عملی کے باعث پنجاب کے 20 اضلاع میں مہلک حادثات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران کو شاباش دی گئی ہے جبکہ حادثات پر قابو نہ پانے والے اضلاع کے ٹریفک افسران کی سرزنش بھی کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ پنجاب کو ہر صورت حادثات سے پاک بنانا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام آپریشن کمانڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حادثات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں تاکہ ان کا سفر محفوظ بنایا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کا مقصد چالان کرنا نہیں بلکہ شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔