نادرا نے شناختی کارڈ اور ب فارم بنوانے والوں کو نئی گائیڈ لائنز دے دیں

05-04-2026

(لاہور نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بجٹ کے بعد شناختی کارڈز اور بچوں کے بے فارم کی اضافی فیس اور جرمانے کا امکان ظاہر کر دیا۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے زائد المیعاد قومی شناختی کارڈز کی تجدید اور بچوں کے بی فارم کے اندراج کا عمل 30 جون 2026 تک مکمل کر لیں۔ اتھارٹی نے اشارہ دیا ہے کہ نئے مالیاتی سال 2026-27 کے بجٹ کے بعد ان سروسز پر اضافی فیسیں یا جرمانے عائد کیے جانے کا امکان ہے، نادرا کی شہریوں کو ہدایات نادرا کی جانب سے جاری کردہ حالیہ بیان میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مستقبل میں کسی بھی مالی بوجھ سے بچنے کے لیے بروقت نادرا دفاتر سے رجوع کریں۔       بیان میں خاص طور پر والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ:جن بچوں کے ابھی تک بی فارم نہیں بنے، ان کی رجسٹریشن فوری کرائی جائے، جن بچوں کی عمر اسمارٹ آئی ڈی کارڈ کے لیے ہو چکی ہے، ان کے بی فارم کو بروقت کارڈ میں تبدیل کروایا جائے۔       نادرا نے اشارہ دیا ہے کہ نئے مالیاتی بجٹ کے بعد فیسوں کے ڈھانچے پر نظر ثانی کی جا سکتی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ بروقت رجسٹریشن نہ کرانے والے شہریوں پر ممکنہ جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں، لہٰذا کسی بھی قسم کی اضافی فیس یا قانونی پیچیدگی سے بچنے کے لیے شہری جون کے اختتام سے پہلے اپنی اور اپنے بچوں کی دستاویزات مکمل کر لیں۔