پنجاب میں 27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کیلئے جولائی کا ہدف مقرر

05-04-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی کیلئے 27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کا ہدف جولائی تک مقرر کر دیا۔

حکومتی منصوبے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13 سہولت آن دی گو بازار بھی قائم کئے جائیں گے، جبکہ ان 27 نئے بازاروں میں 1300 نئے کاروبار شروع ہوں گے اور 600 سے زائد افراد کیلئے براہ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اعداد و شمار کے مطابق ان منصوبوں سے سالانہ 9 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہوں گے، جبکہ ساڑھے 8 لاکھ سے زائد گھرانوں کو مجموعی طور پر 5 ارب 30 کروڑ روپے کی بچت ہو گی، ان بازاروں میں سبزیاں اور پھل اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 40 فیصد اور ڈی سی ریٹ سے 18 فیصد کم قیمت پر دستیاب ہوں گے۔ یہ منصوبہ نہ صرف عوام کو ریلیف فراہم کرے گا بلکہ مقامی سپلائی چین اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا، اندازے کے مطابق دکانداروں کی سیل میں 24 فیصد اور منافع میں 23 فیصد اضافہ متوقع ہے، جبکہ انہیں مفت بجلی، صفائی اور سکیورٹی کی سہولیات کی مد میں سالانہ تقریباً 53 کروڑ روپے کی بچت بھی ہو گی۔ ہر سہولت بازار میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ ہو گی، جبکہ 5 کلومیٹر کے اندر 40 منٹ میں مفت ہوم ڈیلیوری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ یہ بازار بھکر، میانوالی، پاکپتن، راجن پور، مظفر گڑھ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، اٹک اور جہلم سمیت دیگر اضلاع کی تحصیلوں میں قائم کئے جائیں گے، جبکہ خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا بھی اس منصوبے میں شامل ہیں، لاہور، جہلم، بھکر، راولپنڈی، قصور اور فیصل آباد میں “سہولت آن دی گو” بازار بھی قائم کئے جائیں گے۔ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، ان بازاروں میں صاف ستھرے ماحول میں بہترین پھل، سبزیاں اور دیگر اشیاء ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سہولت بازاروں میں پارکنگ، بیٹھنے کی جگہ، بزرگ شہریوں کیلئے الگ کاؤنٹر، پینے کے صاف پانی، مسجد اور فیملی فرینڈلی ماحول جیسی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، تاکہ عوام کو بہترین خریداری کا تجربہ حاصل ہو سکے۔