صاف پانی منصوبوں میں تیزی، فلٹریشن اور بوٹلنگ پلانٹس کی تنصیب

05-04-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کر دیئے گئے۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سی ای او صاف پانی سید علی اصغر اور ڈی جی پراجیکٹس مظہر خان  نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں نئے فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر کی رفتار کا جائزہ لیا گیا جبکہ اہداف میں سستی دکھانے پر متعلقہ افسران کی سرزنش بھی کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نارتھ زون میں چھوٹے ڈیموں کے پانی کو صاف کرکے قریبی دیہات تک پائپ لائنوں کے ذریعے فراہمی کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے، جس سے دیہی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا وژن ہے کہ ہر شہری، خصوصاً دیہی علاقوں میں رہنے والے افراد کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مختلف شہروں میں آرسینک فری اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پانی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ سینکڑوں ناکارہ فلٹریشن پلانٹس کو بحال کرکے دوبارہ فعال بنایا جا رہا ہے، جس سے پانی کے معیار میں بہتری آئے گی اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں کمی واقع ہو گی۔ صوبائی وزیر  نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پراجیکٹس کو پائیدار بنانے کیلئے آپریشن اینڈ مینٹیننس ماڈل کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو مستقل بنیادوں پر صاف پانی کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔