سعودی عرب میں پاکستانی عازمین حج کیلئے بڑی سہولت

05-03-2026

(لاہور نیوز) سعودی عرب میں حج کے لیے آنے والے پاکستانی عازمین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومتِ پاکستان نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جدید کلینکس فعال کرنا شروع کر دیے ہیں۔

حکام کے مطابق مرحلہ وار منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 35 جدید کلینکس قائم کیے جا رہے ہیں، جہاں عازمینِ حج کو جدید طبی سہولیات میسر ہوں گی، ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے مکہ مکرمہ میں ایک کلینک کے دورے کے دوران بتایا کہ حکومت عازمین کی تمام طبی ضروریات پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سہولیات یہاں موجود ہیں، امید ہے کہ عازمین حج کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور ان کی تمام طبی ضروریات یہیں پوری کی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہر کلینک میں 24 گھنٹے مریضوں کی سہولت کے لیے 3 سے 4 ایمبولینسز موجود ہیں، مزید بتایا گیا کہ آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) کے ذریعے اب تک 8 ہزار سے زائد اقسام کی ادویات مفت فراہم کی جا چکی ہیں۔ کلینکس میں جدید لیبارٹری سہولیات بھی دستیاب ہیں جہاں 28 اقسام کے تشخیصی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔