سولر پینلز کی خرید و فروخت میں کروڑوں روپے کا مبینہ فراڈ، مقدمات درج

05-03-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں سولر پینلز کے کاروبار میں کروڑوں روپے کے مبینہ فراڈ کا بڑا سکینڈل سامنے آ گیا، پولیس کی جانب سے نے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تھانہ گارڈن ٹاؤن میں این ایم انرجی کے خلاف ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کے فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ کمپنی کی جانب سے مزمل، اسامہ اور نعمان کے خلاف درج کروایا گیا ہے۔ درخواست کے مطابق سولر کمپنی نے پینلز کی خریداری کے لیے ملزمان کو ایڈوانس رقم ادا کی تاہم مبینہ طور پر سامان فراہم نہ کیا گیا اور رقم ہڑپ کر لی گئی۔ اسی نوعیت کے ایک اور کیس میں ایک شہری نے این ایم امپکس کے مالکان مزمل اور نعمان کے خلاف ایک کروڑ 44 لاکھ روپے کے فراڈ کی درخواست بھی گارڈن ٹاون تھانے میں جمع کرا دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقدمات کی تفتیش جاری ہے، شواہد کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔