وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ
05-03-2026
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور کے 24/7 نادرا سینٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے شہریوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سنٹر میں بے پناہ رش، طویل انتظار اور اے سی بند ہونے کی شکایات سامنے آئیں جس پر وزیر داخلہ نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے مختلف کاؤنٹرز پر جا کر شہریوں سے شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے اجرا کے عمل سے متعلق براہ راست معلومات حاصل کیں اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے رش کو بہتر انداز میں منظم کرنے اور شہریوں کو تیز رفتار سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی اس سنٹر کا دورہ کیا گیا تھا جہاں صورتحال بہتر تھی تاہم آج شہریوں کا فیڈبیک تسلی بخش نہیں تھا۔ محسن نقوی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فوری اقدامات اور سہولتوں میں بہتری کے احکامات جاری کیے۔