مشکل حالات میں فرائض انجام دینے والے صحافی ہی اصل ہیروز ہیں: عظمیٰ بخاری
05-03-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر میڈیا ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل حالات میں فرائض انجام دینے والے صحافی ہی اصل ہیروز ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صحافت اور سیاست کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور دونوں ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں فیک نیوز آزادی صحافت اور پروفیشنل جرنلزم کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہے، جس نے اس شعبے کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور مریم نواز کی قیادت میں پہلی مرتبہ صحافیوں کے لیے تاریخی اقدامات کیے گئے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق حکومت پنجاب 3200 صحافیوں کو رہائش فراہم کرنے جا رہی ہے جبکہ صحافیوں کی بیٹیوں کے لیے میرج گرانٹ اور ہیلتھ گرانٹ کو بھی دگنا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ورکرز پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور ان کی فلاح کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔