لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، فیز ٹو کے دوران 5 ہزار 107 گلیوں کی تعمیر مکمل

05-03-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ای او ایم سی ایل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، واسا، نیسپاک اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی ہے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پروگرام کے فیز ٹو کے دوران 5 ہزار 107 گلیوں کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ باقی علاقوں میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر معیاری مٹیریل کے استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور ہر صورت معیار کو یقینی بنایا جائے۔  انہوں نے ہدایت کی کہ ایل ڈی پی کے تحت گلیوں میں ٹف ٹائلز مقررہ معیار کے مطابق لگائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام منصوبوں میں عوامی سہولت اور حفاظت کے لیے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نظر انداز علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا تاکہ شہر بھر میں یکساں ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔