پی ایس ایل فائنل: لاہور میں ٹریفک پلان جاری، خصوصی انتظامات مکمل

05-03-2026

(لاہور نیوز) پی ایس ایل فائنل کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور باقاعدہ پارکنگ پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں 8 ڈی ایس پیز، 90 ٹریفک انسپکٹرز اور 500 سے زائد وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے 11 فوک لفٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے شہر میں 5 پارکنگ سٹینڈز قائم کیے گئے ہیں۔ شہری گورنمنٹ کالج فار بوائز، سی بی ڈی پارکنگ، سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی پارکنگ میں اپنی گاڑیاں پارک کر سکیں گے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مختلف علاقوں سے آنے والے شائقین کے لیے علیحدہ روٹس بھی مختص کیے گئے ہیں۔ فیروزپور روڈ سے آنے والے کلمہ چوک کے ذریعے گورنمنٹ کالج گلبرگ میں پارکنگ کریں گے، جبکہ ڈیفنس اور کینٹ سے آنے والے حسین چوک کے راستے لبرٹی پارکنگ استعمال کریں گے۔ مغل پورہ اور گڑھی شاہو سے آنے والے افراد مین بلیوارڈ گلبرگ کے ذریعے لبرٹی پارکنگ تک پہنچ سکیں گے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ کسی بھی سڑک کو مستقل طور پر بند نہیں کیا جائے گا اور تمام اہم شاہراہیں، بشمول مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ، ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی۔ فیروز پور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ پر بھی ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رانگ پارکنگ سے گریز کریں اور صرف مقررہ پارکنگ سٹینڈز کا استعمال کریں۔ علاوہ ازیں، راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ٹریفک صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔