لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرجا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ
05-03-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگراموں کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس کو حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سینئر افسران کو گرجا گھروں اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپروائزری افسران خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ ہدایت کے مطابق حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ سنائپرز بھی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کو گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی ہے کہ تمام تعینات افسران اور اہلکار مکمل الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ علاوہ ازیں، گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور دیگر حساس مقامات کے گرد سرچ آپریشنز جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے علما کرام، مسیحی برادری اور امن کمیٹیوں کے اراکین پر زور دیا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔