سعودی عرب کی 15 سال سے کم عمر بچوں کو حج پر لے جانے پر پابندی

05-02-2026

(لاہور نیوز) سعودی عرب نے حج کیلئے عمر کی نئی حد نافذ کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر بچوں کو ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی۔

ترجمان پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی سعودی پالیسی کے مطابق اب 3 مئی 2026 سے 15 سال سے کم عمر عازمین کو حج پروازوں میں سفر کی اجازت نہیں ہو گی، اس پابندی کے نفاذ کے بعد 15 سال سے کم عمر تمام عازمین کے حج ویزے منسوخ قرار دے دیئے گئے ہیں۔ ترجمان پی اے اے کے مطابق 27 مئی 2026 تک 15 سال کی عمر مکمل نہ کرنے والے عازمین حج سعودی عرب سفر  کے اہل نہیں ہوں گے، تین مئی سے حج کے لئے سفر پر پابندی سے کراچی کے 70 عازمین حج متاثر ہوں گے۔ سعودی امیگریشن حکام  نے تمام ایئرپورٹس کو ہدایت کی ہے کہ 15 سال سے کم عمر عازمین کو ایئرپورٹ پر ہی حج پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا جائے۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سعودی حکام  نے متاثرہ عازمین کو مکمل رقم کی واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے۔