مہنگائی نے جہاز سے سفر کرنے والے مسافروں کو بھی محدود کر دیا

05-02-2026

(لاہور نیوز) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور مسافروں کی کم ہوتی طلب کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہونے لگا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اندرون اور بیرون ملک جانے اور آنے والی مجموعی طور پر 120 پروازیں مختلف وجوہات کی بنیاد پر منسوخ کی گئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کی کمی اور آپریشنل دباؤ اس صورتحال کی بڑی وجوہات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر پروازوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ ذرائع کے مطابق لاہور سے مختلف شہروں (کراچی، اسلام آباد، ملتان، پشاور، سیالکوٹ، کوئٹہ اور فیصل آباد) کی 20 پروازیں منسوخ ہوئی، لاہور سے خلیجی اور بین الاقوامی روٹس (شارجہ، بحرین، کویت، قطر، دبئی، دوحہ، استنبول اور فجیرہ) کی تقریباً 100 پروازیں متاثر ہوئیں، لاہور اور کراچی کے درمیان 27 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اس کے علاوہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 18 پروازیں متاثر ہوئیں، لاہور-اسلام آباد روٹ پر 21 پروازیں منسوخ کی گئیں، لاہور-ملتان روٹ پر 9، لاہور-پشاور پر 13، سیالکوٹ سے 4 اور فیصل آباد سے 8 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایران اور امریکہ کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی عالمی صورتحال اور مہنگائی کے دباؤ  نے ایوی ایشن انڈسٹری کو بھی متاثر کیا ہے، جس کے باعث فضائی سفر کی طلب میں کمی آئی ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے، تاہم پروازوں کی بحالی کا انحصار مسافروں کی طلب اور آپریشنل حالات میں بہتری پر ہو گا۔