فوڈ سیفٹی ٹیموں کا گرینڈ آپریشن، بھاری جرمانے، 2 ملزمان گرفتار

05-02-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر خوراک میں جعلسازی اور ملاوٹ کے خاتمے کیلئے صوبے بھر میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

 ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی  نے لاہور ڈویژن میں بڑا گرینڈ آپریشن کیا، کارروائیوں کے دوران ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ بند کر دیا گیا جبکہ بڑی مقدار میں ناقص اور غیر معیاری اشیاء تلف کی گئیں، ان میں 2 من ناقابل استعمال گوشت، 216 لٹر سوڈا واٹر اور 1 من سے زائد مختلف اشیاء شامل ہیں۔ حکام کے مطابق 126 فوڈ پوائنٹس اور یونٹس پر چھاپے مارے گئے، جن میں سے 15 کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 33 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران دو ملزمان عامر اور پترس مسیح کو گرفتار کیا گیا، جو ناقص گوشت کی تیاری اور فروخت میں ملوث پائے گئے، مزید برآں ایک معروف واٹر پلانٹ سے غیر معیاری سوڈا واٹر برآمد کر کے تلف کر دیا گیا، جس میں برکس کی مقدار مقررہ معیار سے کم پائی گئی۔ سید موسیٰ رضا  نے بتایا کہ ریسٹورنٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات، گندگی اور حشرات کی بھرمار بھی پائی گئی، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق فوڈ فراڈ مافیا کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔