پنجاب میں مڈل سکول بھی آؤٹ سورسنگ میں شامل کر لئے گئے
05-02-2026
(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے میں کم انرولمنٹ اور کمزور کارکردگی والے سکولوں سے متعلق ایک بڑا پالیسی فیصلہ کر لیا۔
محکمہ کے مطابق پرائمری کے بعد اب مڈل سکولوں کو بھی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا گیا، یہ فیصلہ 2025 کی سکول شماری کی بنیاد پر کیا جائے گا، جس کے تحت ایسے سکولوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے جن کی کارکردگی یا طلبہ کی تعداد کم ہے۔ تفصیلات کے مطابق 100 سے 150 طلبہ والے سکول آؤٹ سورسنگ لسٹ میں شامل ہوں گے، خطرناک یا خستہ حال عمارتوں والے سکول فوری طور پر بند کئے جائیں گے، کم سہولیات اور ناقص کارکردگی والے ادارے آؤٹ سورس کئے جائیں گے، بعض منتخب سکولوں کو نواز شریف سکول آف ایمننس کیٹگری میں شامل کیا جائے گا محکمہ کے مطابق اس سے قبل تقریباً 13 ہزار سکول پہلے ہی آؤٹ سورس کئے جا چکے ہیں، اور موجودہ فیصلے کا مقصد تعلیمی معیار بہتر بنانا اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے تحت سکول نیٹ ورک کو زیادہ مؤثر، فعال اور نتائج پر مبنی بنایا جائے گا، تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔