اچھرہ میں تین بچوں کا قتل، ملزمہ کو چار مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم
05-02-2026
(لاہور نیوز) ماڈل ٹاؤن کچہری لاہور میں اچھرہ کے علاقے میں تین بچوں کے قتل کے مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت نے گرفتار ملزمہ ردا فاطمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے جاری حکم کے مطابق پولیس کی درخواست پر ملزمہ کے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی ہے، عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ملزمہ سے تفتیش مکمل کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ کو 4 مئی کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا، جہاں تفتیشی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق کیس کی تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اور ملزمہ سے آلہ قتل کی برآمدگی، پولی گرافک ٹیسٹ اور دیگر پہلوؤں پر مزید تفتیش درکار ہے، تفتیش میں پیش رفت کے باعث مزید جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا ہے کہ تفتیشی عمل کو مکمل کر کے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔