اینٹی بیگنگ ٹیم کا کریک ڈاؤن، 76 پیشہ ور گداگر گرفتار
05-02-2026
(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس لاہور کی اینٹی بیگنگ ٹیم نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے گزشتہ تین روز کے دوران 76 گداگروں کو حراست میں لے لیا۔
سی ٹی او لاہور کے احکامات پر جاری اس مہم کے دوران گرفتار افراد میں 20 خواتین، 17 مرد، 15 بچے اور 24 خواجہ سرا شامل ہیں، پولیس حکام کے مطابق پکڑے گئے 70 افراد میں سے 70 کو ایدھی ہومز جبکہ 6 بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے حوالے کیا گیا۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ اینٹی بیگنگ ٹیم کے ساتھ ساتھ ٹریفک سگنلز پر تعینات وارڈنز بھی اس کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں، پیشہ ور بھکاریوں کے ساتھ ساتھ ان کے گینگز چلانے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی جاری ہے۔ حکام کے مطابق پیشہ ور بھکاری شہریوں کو ہراساں کرتے ہیں اور ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالتے ہیں، اسی لئے ان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے بھی ایسے عناصر کی نشاندہی اور ٹریسنگ کی جا رہی ہے۔ سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی بھی ٹریفک سگنل یا چوراہے پر پیشہ ور بھکاری دیکھیں تو فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔