ایک ہی فلائٹ پر مشکوک بکنگ، ورک ویزا پر بحرین جانے والے 23 افراد آف لوڈ
05-02-2026
(ویب ڈیسک) بحرین کے لیے ورک ویزا کے ساتھ روانہ ہونے والے 23 افراد آف لوڈ کردیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق 23 مسافربحرین کے لیے ورک ویزا کے ساتھ روانہ ہو رہے تھے، ابتدائی بیان میں مسافروں نے روزگار رشتہ داروں کے ذریعے حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تاہم تفصیلی جانچ پر بیانات غلط اور گمراہ کن ثابت ہوئے۔ ترجمان کے مطابق بعد ازاں مسافروں نے ایجنٹس کے ذریعے روزگار حاصل کرنے کا اعتراف کیا، تمام مسافروں کی ایک ہی فلائٹ پر بکنگ مشکوک انداز میں کی گئی تھی۔ ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافر اپنے کام کی نوعیت اور تفصیلات بتانے میں ناکام رہے، کسی بھی مسافر کے پاس فارن سروس ایگریمنٹ موجود نہیں تھا، ان وجوہات کی بنیاد پر تمام 23 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے نے ہدایت کی تمام مسافر قانونی تقاضے پورے کرکےامیگریشن ڈیسک سے کلیئرنس حاصل کریں۔