مزنگ : فلیٹ میں فائرنگ، خاتون سمیت دو بچے جاں بحق، ملزم کی خودکشی

05-02-2026

(لاہور نیوز) مزنگ کے علاقے میں ایک رہائشی فلیٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک خاتون سمیت دو بچوں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، جبکہ ملزم نے واردات کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت عائشہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ جاں بحق بچوں میں 14 سالہ مصفیرا اور 12 سالہ منیب شامل ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں دو بچے زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کی شناخت شاہد جٹ کے نام سے ہوئی ہے، جس نے فائرنگ کے بعد خودکشی کرلی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین کی ٹیمیں موقع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، جبکہ واقعہ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ پولیس حکام کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔