پنجاب حکومت نے 2027 میں پتنگ بازی کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے

05-01-2026

(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے 2027 میں پتنگ بازی کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے ہیں، ضوابط پر عملدرآمد کی آخری تاریخ 30 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

یہ اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے ہیں، تمام شہریوں، عمارت مالکان اور ایونٹ منتظمین کیلئے ان ضوابط پر عمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نئے قواعد کے مطابق پتنگ بازی صرف مضبوط اور محفوظ چھتوں پر کی جا سکے گی جبکہ چھت کی چار دیواری کی کم از کم اونچائی ساڑھے 3 فٹ ہونا لازمی ہوگی، بچوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے والدین اور سرپرستوں کو مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے اور بچوں کو بغیر نگرانی چھت کے کناروں کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ چھتوں پر بھاگنے، کودنے، کناروں سے لٹکنے اور جارحانہ انداز میں پتنگ لوٹنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، اسی طرح چھتوں پر گنجائش سے زیادہ افراد جمع کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ پتنگ بازی کے دوران اونچی آواز میں موسیقی، ڈی جے سسٹمز اور شور پیدا کرنے والے آلات کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ ہمسایوں کے لئے پریشانی کا باعث بننے والی کسی بھی سرگرمی کو قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے، تمام مقامات پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی لازمی قرار دی گئی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ضوابط کے مطابق حادثے یا خلاف ورزی کی صورت میں عمارت مالکان اور ایونٹ منتظمین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو 100 فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ مریم نواز شریف نے گزشتہ بسنت کے دوران شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ 2027 میں بھی محفوظ بسنت کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا، حکومت کا مؤقف ہے کہ پتنگ بازی کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔