پنجاب میں مفت پبلک ٹرانسپورٹ مزید آپریشنل رہے گی یا نہیں ؟پیر کو فیصلہ

05-01-2026

(ویب ڈیسک) پنجاب میں مفت پبلک ٹرانسپورٹ مزید آپریشنل رہے گی یا نہیں ؟ حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کریں گی۔

ذرائع کے مطابق  وزیر اعلیٰ مریم نواز نے حتمی فیصلے کے لئےاس ضمن میں پیر کے روز اجلاس طلب کر لیا  ہے۔ ذرائع  کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے سہولت میں ایک ماہ کی توسیع کی سفارشات ارسال کر دی ہیں اور اس حوالے سے ورکنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ تجویز کے مطابق اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس سروس میں ایک ماہ مزید سفری سہولت ہو گی،سپیڈو بس ،الیکٹرک بس میں بھی ایک ماہ مزید فری سفری سہولت دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے یہ سہولت شروع کی گئی تھی، جس سے روزانہ لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ صرف اورنج لائن ٹرین پر یومیہ تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار جبکہ میٹرو بس پر ایک لاکھ سے زائد مسافر مفت سفر کر رہے ہیں، جبکہ پنجاب بھر میں مجموعی طور پر تقریباً 8 لاکھ شہری روزانہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے یہ بھی سفارش کی ہے کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں معمول پر آ جائیں تو اس مفت سفری سہولت کو بتدریج ختم کر دیا جائے۔ حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ کے زیر صدارت اجلاس میں کیا جائے گا، جس کے بعد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔