شمالی چھاؤنی سے اغواء ہونے والا 3 سالہ بچہ بازیاب، 3 خواتین گرفتار
05-01-2026
(لاہور نیوز) شمالی چھاؤنی کے علاقے سے اغواء ہونے والا 3 سالہ بچہ موسیٰ راولپنڈی سے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا، جبکہ اغواء میں ملوث تین خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ راحیلہ اقبال کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور بچے کو بازیاب کرا لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دو خواتین نے بچے کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اغواء کیا اور بعد ازاں اسے راولپنڈی کی رہائشی اپنی ایک ساتھی خاتون کو فروخت کر دیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزمان نے بچے کو بھیک منگوانے کی غرض سے اغواء کیا تھا۔ پولیس نے بچے موسیٰ کو بحفاظت بازیاب کر کے والدین کے حوالے کر دیا جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔