حکومت مسائل حل کرنے میں ناکام، یومِ مزدورصرف تقریبات تک محدود:حافظ نعیم الرحمٰن
05-01-2026
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مزدوروں کا عالمی دن صرف تقریبات اور رسمی خبروں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے جبکہ عملی طور پر ان کے مسائل جوں کے توں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مزدوروں کے لیے کیے جانے والے اعلانات وقتی نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان سے مزدور طبقے کی زندگی میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آتی۔ ان کے مطابق صنعت اور معیشت کی اصل طاقت مزدور کی محنت ہے، لیکن اس کا حقیقی فائدہ ایک مخصوص طبقہ اٹھا رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سماجی بہبود کے پروگراموں کے باوجود غربت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کم از کم اجرت کے نفاذ پر بھی مؤثر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ انہوں نے یٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکسز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں کمی کے باوجود عوام کو وہ ریلیف نہیں ملتا جو ملنا چاہیے۔ ان کے مطابق عام آدمی، خاص طور پر مزدور طبقہ، مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکا ہے۔