لاہورمیں کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا، ٹرانسپورٹرزاورحکومت میں معاہدہ
05-01-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد پرانے کرائے ہی برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔ سیکرٹری آر ٹی اے لاہور کے مطابق فریقین نے باہمی رضامندی سے فیصلہ کیا کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے کرایہ نہ بڑھانے والے ٹرانسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود کوشش کی جاتی ہے کہ کرایوں میں کم سے کم اضافہ ہو، جبکہ مستقبل میں اگر قیمتیں کم ہوئیں تو اس کا فائدہ فوری طور پر عوام کو منتقل کیا جائے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق میٹرو، سپیڈو اور الیکٹرک بسوں کے ذریعے لاکھوں شہریوں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔